پی آئی سی ،مریضوں کو ایڈز،ہیپاٹائٹس ہونے کا خدشہ

 مریضوں کو خون الائزہ ٹیسٹ کے بغیر لگنے لگا،کام قواعد کے مطابق:پروفیسربلال
 لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بائی پاس کے مریضوں کو ایڈز ، ہیپاٹائٹس ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔بائی پاس کے مریضوں کو خون الائزہ ٹیسٹ کے بغیر لگنے لگا۔دنیا نے لیبارٹری میں الائزہ کے بغیر ہونے والے ٹیسٹوں کی ویڈیو حاصل کرلی جس میں ایک خاتون کو ٹیسٹ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔میڈیکل ماہرین کا کہنا ہے کہ الائزہ ٹیسٹ نہ ہونے سے ایڈز ، ہیپاٹائٹس بی اور سی پھیلنے کا خدشہ ہے کیونکہ اس سے قبل بھی نشتر میڈیکل کالج و ہسپتال میں ڈائیلاسز کے مریض اور کئی بچے اس کا شکار ہوچکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خون کراس میچ سکریننگ کٹس پر کیا جارہا ہے۔ بلڈ ٹرانسفیوڑن اتھارٹی رولز کے مطابق بائی پاس کے مریضوں کو لگنے والا بلڈ صرف الائزہ کٹس سے کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں 6 ماہ سے الائزہ کٹس نہیں ہیں۔ایگزیکٹوڈائریکٹر پی آئی سی پروفیسربلال محی الدین نے کہا سکریننگ انسٹی ٹیوٹ آف بلڈٹرانفیوڑن سروسز کے قواعد کے مطابق ہی کی جاتی ہے۔