پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، مریم نواز

پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، مریم نواز

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے بہادر اور شجاع شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔

 یوم تشکر کے موقع پر ایوانِ وزیراعلیٰ میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے پاک فضائیہ کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔تقریب میں مریم نواز کے علاوہ مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکریٹری پنجاب اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھارت کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کو نڈر قیادت، بہادر افواج پاکستان اور قوم کے متحدہ جذبے کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔مریم نواز نے قوم کو پاک فضائیہ کی اس شاندار فتح پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ فتح پاکستان کے دفاع اور عزت کی علامت ہے۔