پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملایا، محسن نقوی

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملایا، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965ء کی جنگ میں دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔

یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ 7 ستمبر 1965ء پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے۔ اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی بہادری پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایم عالم نے چند لمحوں میں دشمن کے 5 طیارے تباہ کرکے تاریخی کارنامہ انجام دیا، جس پر پوری قوم کو ان کی صلاحیتوں اور بہادری پر فخر ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان ہمہ وقت بیدار اور مستعد ہیں، جبکہ شہداء اور غازیوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کا جذبۂ دفاع اور حب الوطنی قابلِ تقلید ہے۔ یومِ فضائیہ ہمارے غازیوں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم پاک فضائیہ کے ہیروز کی بے مثال قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔