لاہور (ویب ڈیسک): بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ نہ ملانے پر وزیرِ دفاع خواجہ آصف، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بھارتی پروفیسر اشوک سوائن نے سخت ردِعمل دیا ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ایکس) پر اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ معرکہ حق میں عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کیا۔ ان کے مطابق بھارتی فضائیہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، یہاں تک کہ جدید رافیل طیارے بھی محفوظ نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے ہاتھوں لگے زخم ایسے سستے تماشوں سے نہیں بھریں گے۔بھارتی پروفیسر اشوک سوائن نے بھی بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر تنقید کی اور مشورہ دیا کہ وہ کرکٹ کھیلیں، اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کے بجائے کھیل پر توجہ دیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب پاکستان کے ہاتھوں اتنے طیارے گنوائے گئے تو کرکٹ میں فتح اس نقصان کا ازالہ کیسے کر سکتی ہے؟دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا کھیل کی اصل روح کے منافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کھیل کو کھیل ہی کی طرح کھیلنا چاہیے، اسے سیاسی رنگ دینا درست نہیں۔