بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اب ایئرپورٹ پر ہی حاصل کیا جا سکے گا
تفصیلات کے مطابق اب بیرون ملک جانے والے پاکستانی مسافروں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ لائسنس کا اجرا اور تجدید ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں قائم ٹریفک کیاسک پر ممکن ہو گا۔لائسنس ہولڈر پاسپورٹ اور ویزا دکھا کر موقع پر لائسنس حاصل کر سکیں گے جبکہ لائسنس کا پرنٹ بھی فوراً فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، شہری یہاں لرنر لائسنس، لوکل اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید بھی کروا سکیں گے۔
ٹریفک کیاسک میں 24 گھنٹے آن لائن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شہر میں اب تک دو ٹریفک کیاسک افشاں چوک اور فورٹریس سٹیڈیم پر شروع ہو چکے ہیں، اور رواں ماہ میں ان کی تعداد 10 تک پہنچائی جائے گی۔ اگلے مالی سال میں یہ تعداد 100 تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ٹریفک حکام نے اس حوالے سے ایئرپورٹ حکام کو بھی مراسلہ بھیج دیا ہے تاکہ جلد از جلد کیاسک کی تنصیب مکمل کی جا سکے۔