بنگلہ دیش اور پاکستان میں تجارتی رابطے مضبوط کئے جائیں گے:ہائی کمشنر

بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزا شرائط میں نرمی کی، ای ویزا سہولت کی فراہمی پر کام جاری ہے
 نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے کیلئے بزنس وفود کا تبادلہ ضروری ہے:محمد اقبال حسان کا لاہور چیمبر سے خطاب

لاہور (کامرس رپورٹر) بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش نے حال ہی میں پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا شرائط میں نرمی کی ہے تاکہ دو طرفہ تجارت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا جا سکے جبکہ پاکستان کے لیے ای ویزا سہولت کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔لاہور چیمبر کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے اور مارکیٹ فہم کو گہرا کرنے کے لیے باقاعدہ بزنس وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور بنگلہ دیش کے اعزازی قونصل جنرل قاضی ہمایوں فرید نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ایگزیکٹو کمیٹی ممبران وقاص اسلم،فردوس نثار،شعبان اختر،سید حسن رضا،احد امین ملک،آصف ملک،احسن شاہد اورآصف خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے بہت سے شعبوں میں گنجائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں اور شپنگ روٹس پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔