بانی پی ٹی آئی این آر او مانگ رہے ہیں:اختیارولی خان

 حقیقت یہ ہے بانی پی ٹی آئی جو چاہتے ہیں وہ اسے ڈیل کا نام نہیں دینا چاہتے:کوآرڈی نیٹر وزیراعظم
  اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف  بیرسٹر گوہر کے بیان پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیارولی نے ردعمل دیا ہے۔  وزیراعظم  کے معاون خصوصی   اختیار ولی خان نے   کہا ہے  بیرسٹر گوہر کا بیان  کہ  بانی پی ٹی آئی ڈیل نہیں چاہتے، مضحکہ خیز ہے۔اپنے ایک بیان میں  انہوں نے کہا کہ بیرسٹر  گوہروضاحت فرمائیں اگر عمران خان ڈیل نہیں چاہتے تو پھر کیا چاہتے ہیں؟ اگر انہیں ڈیل نہیں چاہیے تو عدالت میں بے گناہی ثابت کریں۔اختیار ولی نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے بانی پی ٹی آئی جو چاہتے ہیں وہ اسے ڈیل کا نام نہیں دینا چاہتے، بانی پی ٹی آئی عمران خان وزیراعظم سے این آر او مانگ رہے ہیں مگر دنیا کو پتہ نہ چلے۔