باپ نے مخالفین کو پھنسانے کیلئے اپنی بیٹی قتل کر دی

 ملزم خضر حیات گرفتار، بیٹے کو سزائے موت پر مخالفین کو پھنسانے کی کوشش ناکام 
دیپالپور (خصوصی رپورٹ)سفاک باپ نے مخالفین کو پھنسانے کیلئے اپنی بیٹی قتل کر دی ، ملزم گرفتار، اعتراف جرم کر لیا۔دیپالپور میں انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے پولیس نے بروقت کارروائی کرکے اصل حقیقت بے نقاب کر دی۔ تاج کالونی کے رہائشی خضر حیات کے بیٹے سنی کو چند روز قبل قتل مقدمہ میں عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق خضر حیات نے اس فیصلے کی رنجش میں اپنے مخالفین سے بدلہ لینے کا منصوبہ بنایا اور اس مقصد کے لیے اپنی 24 سالہ طلاق یافتہ بیٹی شازیہ کو ڈنڈوں کے وار کر کے قتل کر دیا تاکہ الزام مخالفین پر ڈال کر ان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کروایا جا سکے۔ ابتدائی طور پر ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اسکی بیٹی کو دشمنوں نے قتل کیا ہے تاہم تھانہ سٹی دیپالپور پولیس جب موقع پر پہنچی اور شواہد کی بنیاد پر تفتیش شروع کی تو معاملہ مشکوک محسوس ہوا۔ چھان بین پرحقیقت سامنے آ گئی کہ قتل خود باپ نے کیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم خضر حیات کو گرفتار کر لیا جبکہ گھر میں موجود اسکی دوسری بیٹی کو بھی تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کر لیا کہ اس نے اپنی بیٹی کو ڈنڈوں کے وار کر کے قتل کیا اور پولیس نے اسکی نشاندہی پر آلہ قتل بھی بر آمد کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلو ئوں کو مدنظر رکھ کر قانونی کارروائی مکمل کی جائیگی۔