عبد الرحمن نے شعیب کا پیٹ چاک کر دیا ،واردات کے بعد مسجد جاکر نماز میں شامل ،کیمرے نے پکڑوا دیا
گوجرانوالہ، واہنڈو، کامونکے (کرائم رپورٹر )تھانہ واہنڈو کے علاقہ میں دادا نے مخالفین کو پھنسانے کیلئے 9سالہ پوتے کو بدترین تشدد کے بعد تیز دھار آلہ سے پیٹ چاک کرکے قتل کردیا، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ تھانہ واہنڈو کے علاقہ سیچ کالر میں مخالفین پر الزام لگانے کیلئے عبدالرحمن نے کمسن پوتے شعیب کو موت کے گھاٹ اتار دیا، لاش گھر کے قریب پلاٹ سے ملنے کی اطلاع پر سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو لرزہ خیز اندھے قتل کا معمہ حل کرنے کی ہدایت کی ، خصوصی ٹیموں نے اندھا قتل فوری ٹریس کرتے ہوئے مقتول کے دادا کو گرفتار کر لیاجس نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کر لیا، پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کا الزام مخالفین پر ڈالنے کیلئے واردات کی منصوبہ بندی کی ۔معلوم ہوا ہے کہ ملزم عبدالرحمن مقامی زمیندار امان اللہ کے پاس کام کرتا تھا جس سے اس نے دو لاکھ روپے ایڈوانس رقم لے رکھی تھی، عبدالرحمن نے زمیندار کے ہاں کام کرنا چھوڑا تو زمیندار نے ایڈوانس رقم کا مطالبہ کیا لیکن اس کے پاس پیسے نہیں تھے تو ایسے میں اس کے ذہن میں شیطانی منصوبہ آیا ،ملزم رات کو پوتے کو چیز لیکر دینے کیلئے ساتھ لے گیا، سکول کے عقبی طرف کھیت میں لیجاکر شعیب کے سر میں ڈنڈا مارا جس سے گر گیا ،ملزم نے چھری سے بچے کا پیٹ بھی چا ک کر دیا، ملزم بچے کو مردہ سمجھ کر چھوڑ کر واپس حویلی پہنچا ،وہاں اس نے ہاتھ پائوں دھوئے اور مسجد چلا گیا اور نماز میں شامل ہو گیا،وقوعہ کی خبر ادھر پہنچی تو ملزم مسجد سے نمازیوں کیساتھ ہی جائے وقوعہ پر پہنچا ، کسی نے کہا بچے کی سانس چل رہی ہے تو ملزم اسے لیکر ہسپتال کی طرف چل پڑا لیکن پھر کچھ ہی لمحوں میں سانس رک گئی ،اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی تو ملزم ڈیڈ باڈی کے ساتھ ہسپتال میں تھا۔پولیس نے کرائم سین کے قریب کیمرے کی فوٹیج میں ملزم کو بچے کیساتھ جاتے دیکھا ،دوران تفتیش ملزم نے سچ اگل دیا۔ملزم نے بتایا کہ پوتے کے قتل میں جن کے پیسے دینے ہیں ان کو پھنسائے گا اور رقم دینے کے بجائے ان سے مزید لے گا۔