اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ) کرایہ دار نے مالک مکان کو مقدمے میں پھنسانے کیلئے 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی کال کردی۔ پولیس تھانہ اے ڈویڑن نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق عزیز پارک اوکاڑہ میں مقیم رمضان نے 15 پر اطلاع دی کہ ڈاکوؤں نے دکان میں گھس کر واردات کی ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو کسی ڈکیتی کے شواہد نہ ملے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ اطلاع جھوٹی تھی۔ ملزم رمضان نے معمولی جھگڑے پر مالک مکان رحمت علی کو مقدمے میں پھنسانے کیلئے جھوٹی کال کی اور ایمرجنسی نمبر 15 کا غلط استعمال کرکے پولیس کا قیمتی وقت ضائع کیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔