پولیس مقابلہ ،مطلوب ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

ملزم منیر فقیر والی ، ہارون آباد کی حدود میں وارداتوں میں مطلوب تھا 
ہارون آباد (خصوصی رپورٹ)سی سی ڈی سرکل ہارون آباد کی بڑی کارروائی، متعدد وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، چھینے گئے موٹر سائیکل بر آمد، تین ساتھی فرار ہوگئے۔ سی سی ڈی سرکل ہارون آباد نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد وارداتوں میں مطلوب ملزم منیر ولد مشتاق قوم آرائیں سکنہ 142/6R کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ فقیر والی اور تھانہ صدر ہارون آباد کی حدود میں ہونے والی مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ اسکے قبضے سے چھینے گئے موٹر سائیکل بھی بر آمد کر لیے گئے ہیں۔سی سی ڈی پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزموں نے پولیس ناکہ بندی دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور ناکہ توڑ کر بھاگ نکلے۔ سی سی ڈی پولیس نے فوری تعاقب کیا تو 47 والے سیم نالہ کے پل کے قریب دونوں موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس سے ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے پولیس نے موقع پر گرفتار کر لیا جبکہ اسکے تین ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔سی سی ڈی سرکل ہارون آباد علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزموں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کررہی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔