لاہور(کرائم رپورٹر)کاہنہ کے علاقے میں تیز رفتاری کے باعث لوڈر رکشہ اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے حادثہ انجینئر ٹاؤن کے قریب پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار افراد کاہنہ کاچھا سے انجینئر ٹاؤن کی جانب جا رہے تھے کہ اچانک تیز رفتار لوڈر رکشہ ان سے ٹکرا گیا۔حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار طارق، دانش اور رزاق زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔کاہنہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لوڈر رکشہ ڈرائیور اللہ دتہ کو گرفتار کر لیا اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔اس موقع پر ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور گاڑیاں محتاط انداز میں چلائیں۔