پنجاب بھر میں بارش ، موسم خوشگوار، جاتی سردی پھر لوٹ آئی

صوبائی دارالحکومت میں بادل جم کر برسے، بڑھتے درجہ حرارت کو بھی ریورس گیئر لگ گیا
اسلام آباد،لاہور،کراچی (آئی این پی )اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔صوبائی دارالحکومت میں اتوار کی علی الصبح بادل جم کر برسے، لاہور میں شملہ پہاڑی، مال روڈ، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، سول سیکرٹریٹ، ساندہ روڈ، چوبرجی اور دیگر مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ہے، بارش کے بعد صبح سویرے لاہور میں ٹھنڈک محسوس ہونے لگی ۔محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے کے ساتھ بارش برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔بارش کے بعد لاہور میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو بھی ریورس گیئر لگ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 15 جبکہ زیادہ سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی ، حاصل پور، سرگودھا، بہاولنگر، عارف والا، دنیا پور، سانگلہ ہل میں بھی بادل برسے، منچن آباد، فیصل آباد، قصور اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔بارش کے بعد کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کراچی(آئی این پی )کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا مزید کہناہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 89فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہوائیں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔