سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل، مراد علی شاہ 4 ہزار ارب روپے کے قریب بجٹ پیش کریں گے

سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل، مراد علی شاہ 4 ہزار ارب روپے کے قریب بجٹ پیش کریں گے

کراچی: سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس بدھ کو شام 4 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مالی سال 2026-27 کا صوبائی بجٹ پیش کریں گے۔

 ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم تقریباً 4 ہزار ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔بجٹ اجلاس سے قبل سندھ کابینہ کا ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔ محکمہ خزانہ بجٹ دستاویزات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے جبکہ آئندہ ہفتے بجٹ کی منظوری متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ پنشن میں بھی 10 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ اسی طرح کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے سے بڑھا کر 45 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے، جس سے مزدور طبقے کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔سندھ اسمبلی میں سالانہ بجٹ کے ساتھ ضمنی بجٹ بھی پیش کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ بجٹ اجلاس پانچ روز تک جاری رہے گا، جس کے دوران مختلف محکموں کے اخراجات، ترقیاتی منصوبوں اور مالیاتی حکمت عملی پر بحث کی جائے گی۔ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے لیے صوبے کا مجموعی ترقیاتی بجٹ 900 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے لیے 522 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ رواں مالی سال اس مد میں 520 ارب روپے رکھے گئے تھے۔

غیر ملکی امداد سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 296 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ رواں مالی سال اس مقصد کے لیے 367 ارب روپے رکھے گئے تھے۔ اسی طرح پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے لیے 50 سے 60 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال اس مد میں 76 ارب روپے رکھے گئے تھے۔ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام (DADP) کے لیے 50 ارب روپے رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جبکہ رواں مالی سال اس کے لیے 55 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کے بعد سندھ حکومت کو مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم حکومت ایک متوازن اور مزدور دوست بجٹ پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل اور عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے گی۔