چھانگا مانگا جنگل میں تالاب کے اندر 4 بچے ڈوب کر جاں بحق

چھانگا مانگا جنگل میں تالاب کے اندر 4 بچے ڈوب کر جاں بحق

چھانگا مانگا کے جنگل میں واقع ایک تالاب میں ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 4 بچے جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 12 سالہ مراد اکبر، 11 سالہ عرفان اکبر، 8 سالہ ماریہ اکبر اور 13 سالہ عمران شامل ہیں۔محکمۂ جنگلات کے مطابق یہ تالاب جنگلی جانوروں کو پانی فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے چاروں بچوں کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کر دیں، جہاں بعد ازاں انہیں چونیاں اسپتال بھیجا گیا۔مقامی ذرائع کے مطابق یہ بچے گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے ویر سنگھ والا گاؤں میں اپنے ماموں کے گھر آئے ہوئے تھے۔ واقعے کے وقت ان کے والدین جنگل میں لکڑیاں لینے گئے ہوئے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق ایک بچہ تالاب کے قریب کھیلتے ہوئے اچانک پانی میں گر گیا، جسے بچانے کی کوشش میں باقی تین بچے بھی 8 سے 10 فٹ گہرے تالاب میں اتر گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے چاروں بچے ڈوب گئے۔واقعے کے بعد اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور شہریوں نے ایسے مقامات پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر سوالات اٹھائے ہیں۔