پرانی دشمنی پر فائرنگ ، 4افراد قتل

چچا بھتیجا، 2 کزن جاں بحق ہوئے فیصل اور ساتھیوں نے ذکا اللہ ،عبدالمجید ، اسماعیل ، ہدایت اللہ کو نشانہ بنایا 
 لاہور ( کرائم رپورٹر ) نیازی چوک میں دیرینہ دشمنی پر5موٹرسائیکلوں اور کار پر سوار ملزموں کی کار پر فائرنگ سے 4افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں چچابھتیجااور دوکزن شامل ہیں ، آئی جی کا نوٹس ، آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی۔تفصیل کے مطابق چک نمبر 30 دس آر کے رہائشی ذکا اللہ ولد سیف اللہ ، عبدالمجید خان ولد عبدالستار، اسماعیل خان ولد مجید خان اور ہدایت اللہ خان ولد سلطان خان صبح سویرے اپنے دو مقدمات کی پیشی کیلئے کار پر کچہری آرہے تھے ،نیازی چوک کے قریب پہنچے تو پیچھے سے آنے والے5موٹر سائیکلوں اور کار میں سوار فیصل شاہ ولد ناصر شاہ ودیگر نامعلوم ملزموں نے کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار سوار چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ،اطلاع ملتے ہی ڈی پی او عابد وڑائچ دیگر پولیس افسران اور بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ، پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا، پولیس تھانہ سٹی خانیوال نے ایک نامزد ملزم فیصل شاہ اور اس کے نامعلوم ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اورپولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں ، آئی جی پنجاب عبدالکریم نے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او خانیوال کو ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور ان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او خانیوال، انویسٹی گیشن افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا ، ایڈیشنل آئی جی سا ئوتھ پنجاب محمد کامران خان نے بھی ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔