میثاق جمہوریت کریں،ان کیمرہ اجلاس بلائیں:فضل الرحمن

پی ٹی آئی کی طرف سے کوئی رخنہ نہیں ڈالا گیا تومیں اس کا ضامن بنوں گا
سود کے خاتمے کی ترمیم کی گئی پیش رفت نہیں ہورہی:قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت کی طرف بڑھیں،ان کیمرہ اجلاس بلائیں،پی ٹی آئی کی طرف سے کوئی رخنہ نہیں ڈالا گیا تومیں اس کا ضامن بنوں گا۔ ملک میں سیاسی قوتوں کو ایک بار پھر میثاق جمہوریت کی طرف آنا ہو گا، ملک میں امن و امان اور دیگر حالات کے حوالے سے ایوان کا ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے، اسی ایوان میں 2028 سے سود کے خاتمے کی ترمیم کئی گئی ہے تاہم اس کی جانب کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی، غربت 25سے29فیصد پر آگئی ، مجھ پر تین خودکش حملے ہوئے،میرے بچوں اور پارٹی کے لیڈروں پر حملے ہوئے، اس کے باوجود ہمیں اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں، آزاد کشمیر کی صورتحال کا حل بات چیت سے نکالا جائے، وہاں پر ہر کشمیری کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی اور ایران امریکاجنگ رکوانے کیلئے پاکستان کی ثالثی کو سراہتے ہیں، ایک مستحکم افغانستان پاکستان کے حق میں ہے۔ قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت ہر پاکستانی 3 لاکھ 25 ہزار روپے کا مقروض ہے، اس ساری صورتحال میں غریب آدمی بنیادی اشیا خورد و نوش سمیت اپنی آمدن میں یوٹیلٹی بلز بھی دیتا ہے، بچوں کی تعلیم اور صحت کے لئے بھی اسے رقم چاہئے، وہ اس تنخواہ میں کیسے گزارہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی شرح بڑھ گئی ہے، ملک کے امن وامان کی صورتحال خراب ہے، سندھ میں کچے کے ڈاکوں کا مسئلہ ہے جبکہ ہمارے ہاں تھانوں، سکیورٹی فورسز پر حملے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر اصل حقائق سامنے لانے اور ارکان کو آگاہ کرنے کے لئے ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہر شہری کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا تھا آج وہاں جو صورتحال نظر آرہی ہے وہ تشویشناک ہے،اس صورتحال پر غور وفکر کریں اور ان کیمرہ اجلاس کرکے حقائق بتائے جائیں۔