مبینہ مقابلے ، 4ملزم ہلاک،2 زخمی گرفتار

قصور میں نامعلوم ملزم اور نعمان مارے گئے،ننکانہ میں گرفتاری سے بچنے کی کوشش میں ملزم جماعت علی دریا میں ڈوب گیا
 لاہور (کرائم رپورٹر ) مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے ، 4ملزم ہلاک،2کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قصو ر میں پولیس تھانہ سٹی چونیاں کے علاقہ میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ڈکیتی کا نامعلوم ملزم ہلاک ہو گیا۔اسی طرح پولیس تھانہ صدر پتوکی کے علاقہ گھڑالے چوک میں بھی مبینہ مقابلہ میں ڈکیتی کا ایک ملزم نعمان ولد ریاست سکنہ شرقپور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے دم توڑ گیا اور اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ادھر ننکانہ صاحب میں تھانہ مانگٹانوالہ کے علاقے ناروکی میں پولیس اور ایلیٹ فورس نے ڈکیتی کے ملزم جماعت علی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو 3 ملزموں نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور دریائے راوی کی طرف فرار ہوگئے، مرکزی ملزم جماعت علی عرف جماعتی ڈوگر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے دریا میں چھلانگ لگا دی۔ذرائع کے مطابق 50سالہ ملزم جماعت علی دریا میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا، ریسکیو ٹیموں نے لاش کو دریا سے نکال لیا۔ علاوہ ازیں تھانہ صدر ننکانہ کے علاقہ بڈھا پل نہر کے قریب پولیس سے مبینہ مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ڈکیتی میں ملوث ملزم محمد اعظم زخمی ہو گیا اور اسے ریلوے پٹڑی کے قریب سے گرفتار کرلیا گیا۔ادھررحیم یار خان کے علاقہ اڈا چارمیل موضع نیل گڑھ میں گزشتہ شب سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے کے دوران ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ملزم منا مارا گیا جبکہ اس کے 2ساتھی فرار ہو گئے۔مزید برآں لاہور میں لاری اڈا کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈکیتی کا ملزم شفیق اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیاجبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مذکورہ ملزم ڈکیتی ،چوری، جیسی 120 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ بتایا جاتا ہے۔ پولیس نیواقعات کے تمام زخمیوں کو ہسپتالوں میں داخل کرا کر ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کر دی جبکہ لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔