22 سالہ بھارتی اداکارہ کی پراسرار موت، نئے انکشافات سامنے آگئے

22 سالہ بھارتی اداکارہ کی پراسرار موت، نئے انکشافات سامنے آگئے

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ سنچیتا اوگلے کی پراسرار موت کے بعد معاملہ مزید پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے، جبکہ ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے اس واقعے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اداکارہ کے بھائی آکاش اوگلے نے پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنچیتا کی موت کو محض خودکشی قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق واقعے کے کئی پہلو ایسے ہیں جن کی مکمل اور شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔آکاش اوگلے کا کہنا ہے کہ ان کی بہن اپنی وفات سے چند روز قبل مسلسل اداکار سشانت سنگھ راجپوت کا ذکر کرتی رہیں اور ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں میں بھی اسی حوالے کے اشارے موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سنچیتا کی آخری انسٹاگرام پوسٹ بھی سشانت سنگھ راجپوت کی برسی سے متعلق تھی، جس میں “پھر 14 جون آ گئی” کے الفاظ شامل تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے بھی 14 جون کو دنیا کو الوداع کہا تھا، جبکہ سنچیتا کی موت بھی اسی تاریخ کو سامنے آئی، اگرچہ دونوں واقعات میں چھ سال کا فرق ہے۔ ان کے مطابق یہ محض اتفاق نہیں بلکہ اس کے پیچھے مزید حقائق ہو سکتے ہیں جن کی تفتیش ضروری ہے۔بھائی نے شوبز انڈسٹری کے ماحول اور ممکنہ دباؤ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سنچیتا ذہنی طور پر مضبوط شخصیت کی حامل تھیں اور وہ نہیں مانتے کہ انہوں نے خود اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہوگا۔ ان کے مطابق اداکارہ کو کچھ ایسے حالات کا سامنا تھا جس نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا تھا۔

آکاش اوگلے نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق فی الحال کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا، اور حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔پولیس کے مطابق سنچیتا اوگلے ممبئی میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھیں اور واقعے کے وقت گھر میں تنہا تھیں۔ جب اہلِ خانہ واپس آئے تو انہیں اپنے کمرے میں مردہ پایا گیا، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔سنچیتا اوگلے نے بھارتی ٹی وی ناظرین میں ڈرامہ کم کم بھاگیہ میں “دیا ٹنڈن”، واگلے کی دنیا میں “روچیتا جیٹلی” اور بعد ازاں دل والی دلہا لے جائے گی میں مرکزی کردار کے ذریعے خاصی شہرت حاصل کی تھی۔