ویب ڈیسک: اسلام آباد کے سیکٹر جی-1 میں گزشتہ روز 17 سالہ معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو ان کے گھر پر گولیاں مار کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
واقعہ نے سوشل میڈیا اور عام عوام میں غم و صدمے کی لہر دوڑا دی ہے۔
واقعہ کی تفصیلات
ثنا یوسف جو کہ چترال سے تعلق رکھتی تھیں اور انسٹاگرام پر 4 ملین سے زائد فالوورز کی حامل تھیں، ٹک ٹاک پر بھی خاصی مقبول تھیں۔ ان کی اچانک اور المناک موت نے مداحوں کو غمگین کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ سنبل کی حدود میں پیش آیا جہاں حملہ آور مہمان بن کر ثنا کے گھر میں داخل ہوا اور انہیں قریب سے گولی مار کر قتل کر دیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات
ثنا یوسف کو دو گولیاں لگی تھیں جن کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل سے قبل مقتولہ اور حملہ آور کے درمیان گھر کے باہر مختصر بات چیت بھی ہوئی تھی۔تحقیقات کے دوران پولیس کا ماننا ہے کہ حملہ آور مقتولہ کو ذاتی طور پر جانتا تھا اور واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ لگتا ہے۔تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
پوسٹمارٹم رپورٹ
ثنا یوسف کا پوسٹمارٹم مکمل کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
سوشل میڈیا اور عوامی ردعمل
سوشل میڈیا پر ثنا یوسف کے ہزاروں مداح قاتل کو گرفتار کرنے اور فوری انصاف کے حصول کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صارفین نے پولیس اور حکومت سے اس قتل کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ پولیس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد قاتل کی گرفتاری کو یقینی بنائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ہو سکے۔