امریکی فضائیہ کا B-52 اسٹریٹو فورٹریس بمبار طیارہ کیلیفورنیا میں واقع ایڈورڈز ایئر فورس بیس سے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
ایڈورڈز ایئر فورس بیس کے مطابق طیارہ پیر کی صبح 11 بج کر 20 منٹ پر معمول کے ایک آزمائشی مشن پر روانہ ہوا تھا، تاہم پرواز کے چند لمحوں بعد ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد ہنگامی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔امریکی فضائیہ نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا اور اس میں کسی کے بچنے کے امکانات نہیں تھے۔ بعد ازاں حکام نے طیارے میں سوار تمام 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ایڈورڈز ایئر فورس بیس لاس اینجلس سے تقریباً 100 میل شمال میں واقع ہے اور امریکی فضائیہ کے اہم آزمائشی مراکز میں شمار ہوتی ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔