امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں امریکا کا جدید ایف-35 بی (F-35B Lightning II) لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہوگیا۔
امریکی میرین ائیرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق ایک نشست والا ایف-35 بی لڑاکا طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے میرین کور ائیر اسٹیشن سان ڈیاگو میں رن وے تک پہنچنے سے قبل گر گیا۔امریکی فوج کے بیان کے مطابق پائلٹ نے بروقت پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ معمولی زخمی ہونے پر اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔حادثے کے فوراً بعد ائیرپورٹ کے فائر فائٹرز نے طیارے کے ملبے اور اطراف میں بھڑکنے والی گھاس کی آگ پر قابو پالیا، جبکہ کسی شہری جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔واضح رہے کہ ایف-35 بی لائٹننگ II دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے، جو مختصر رن وے سے ٹیک آف اور عمودی (ورٹیکل) لینڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس طیارے کی مالیت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر ہے اور اسے امریکی میرین کور، برطانیہ اور اٹلی کی فضائی افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔