خانۂ کعبہ کے نئے غلاف (کسوہ) کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب آج منعقد ہوگی۔
نیا غلافِ کعبہ انتہائی باریک بینی، مہارت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ 11 ماہ کے عرصے میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ 47 ریشمی پینلز پر مشتمل ہے، جن پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآنِ مجید کی 68 آیاتِ مبارکہ کی نہایت خوبصورت کڑھائی کی گئی ہے۔نئے غلافِ کعبہ کا مجموعی وزن 1,415 کلوگرام ہے۔ اس کی تیاری کے تمام مراحل مکہ مکرمہ میں قائم شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوۂ کعبہ میں مکمل کیے گئے، جہاں ہر مرحلے پر معیار، نفاست اور فنی مہارت کو یقینی بنانے کے لیے سخت جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔غلافِ کعبہ کی تیاری اسلامی فنون، روایتی دستکاری اور جدید معیارِ نگرانی کا ایک منفرد شاہکار سمجھی جاتی ہے، جسے ہر سال خصوصی اہتمام اور عقیدت کے ساتھ تبدیل کیا جاتا ہے۔