سفارتی محاذ پر پاکستان سرخرو فیلڈ مارشل نے ایک سال میں دو جنگیں جیت لیں خواجہ آصف

وزیراعظم    اور فیلڈ مارشل  نے امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات کام کیا  پہلے  پنڈی اور اسلام آباد میں اتنا تعاون ہوتا تو  پاکستان کو کئی بین الاقوامی اعزاز مل چکے ہوتے
جلد فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہوگا، ہم معاشی محاذ پر بھی ایک جنگ لڑ رہے ہیں، اس میں کامیاب  ہوں گے،، دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے: قومی اسمبلی میں اظہار خیال 
سفارتی کامیابی عالمی تاریخ کا سب سے بڑا معجزہ ہے‘امریکہ ، ایران معاہدے پر پاکستان کی قیادت نوبیل امن  انعام کی مستحق ہے:سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے   فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک سال میں دو جنگیں جیت لیں‘ وزیراعظم  شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات کام کیا، سفارتی محاذ پر پاکستان سرخرو ہوا ہے،  آج سے  پہلے بھی اگر پنڈی اور اسلام آباد میں اتنا تعاون ہوتا تو  پاکستان کو کئی بین الاقوامی اعزاز مل چکے ہوتے،3سال سے پاکستان کی کامیابی کی کوششوں کاسب سے بڑا پھل اللہ تعالی نے آج عطا کیا ہے،  جلد فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی  کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز پر  سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے امریکہ ایران امن معاہدہ طے پانے پر پاکستان کی پسِ پردہ کامیاب ترین سفارتکاری پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کو دنیا کے اعلی ترین اعزاز نوبل امن انعام کا حقدار قرار  دیا ۔ سپیکر ایاز صادق نے اس سفارتی کامیابی کو عالمی تاریخ کا سب سے بڑا معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا جتنا بھی شکر ادا کریں وہ کم ہے کہ یہ تاریخی اور عظیم الشان اعزاز پاکستان کے حصے میں آیا ہے، میں اس عظیم سفارتی فتح پر پاکستان کے غیور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم تاریخ ساز لمحات میں سے گزر رہے ہیں، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے امن عمل کو کامیاب بنانے میں دن رات کام کیا۔ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعاون نے ایک مشکل مرحلہ پایا تکمیل تک پہنچایا، 78 سالہ تاریخ میں آج پاکستان کو ایک منفرد مقام حاصل ہوا، سفارتی محاذ پر یہ جنگ امن کیلئے تھی جس میں پاکستان سرخروہوا، معرکہ حق میں اللہ تعالی نے ہمیں فتح یاب کیا، امریکی لیڈرشپ کا بھی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا  3سال سے پاکستان کی کامیابی کی کوششوں کاسب سے بڑا پھل اللہ تعالی نے آج عطا کیا ہے، آج سے پہلے بھی اگر پنڈی اور اسلام آباد میں اتنا تعاون ہوتا تو کئی بین الاقوامی اعزاز مل چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی بھائیوں کومبارکباد دیتا ہوں، ایرانی قیادت نے بہت مشکل حالات میں ایرانی قوم کی بہترین نمائندگی کی، ایران کے ساتھ جو دہائیوں سے ناانصافیاں ہو رہی تھیں وہ اب ختم ہوں گی۔