لاہور: سندر میں یونیورسٹی طالبہ کو دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار

لاہور: سندر میں یونیورسٹی طالبہ کو دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار

لاہور کے علاقے سندر میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق طالبہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی تھی، جس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز کے حکم پر فوری مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزم عبدالرحمان کی طالبہ سے کسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران اس نے مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور نازیبا زبان استعمال کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر طالبہ کے اپارٹمنٹ میں داخل ہوا اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے کمرے کو بھی نقصان پہنچایا۔

گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق خواتین اور بچوں سے متعلق واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔