کئی فلسطینی امداد ی مرکز کے قریب شہید ہوئے، مقبوضہ علاقے میں انٹرنیٹ کی سہولت بحال ہوگئی
غزہ(آئی این پی )غزہ میں تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید 58 فلسطینی شہید ہوگئے، مقبوضہ علاقے میں 3 دن بعد انٹرنیٹ کی سہولت بحال ہوگئی جبکہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔الجزیرہ نے مقامی صحت حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی میں کم از کم 58 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں سے کئی فلسطینیوں کو امریکی حمایت یافتہ غزہ ہیومینیٹیرین فائونڈیشن کے امدادی مرکز کے قریب شہید ہوئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی غزہ کے علاقے میں واقع الشفاء اور الاقصیٰ ہسپتالوں میں موجود طبی عملے نے بتایا کہ کم از کم 15 افراد اس وقت جاں بحق ہوئے جب وہ نیٹزاریم کاریڈور کے قریب جی ایچ ایف کے امدادی تقسیم کے مقام کی طرف جانے کی کوشش کر رہے تھے، باقی افراد غزہ کے محصور اور مسلسل بمباری کا شکار دیگر علاقوں میں مختلف حملوں میں شہید ہوئے۔فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی میں 3 روزہ بلیک آئوٹ کے بعد انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے۔