شمالی غزہ میں حماس کے ہاتھوں مزید 4اسرائیلی فوجی ہلاک ، صہیونی فوج کا جوابی فائرنگ میں دو جنگجو ئوں کو شہیدکرنے کا دعویٰ
غزہ(آئی این پی)اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں ٹینکوں کی مدد سے ایک بڑی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے کم از کم 34فلسطینیوں کو شہید کر دیا، زمینی حملے کا ہدف نصیرات پناہ گزین کیمپ تھا،شمالی غزہ میں حماس کے ہاتھوں مزید 4اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے جوابی فائرنگ میں دونوں جنگجوئوں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،اسرائیل نے لبنان کے انتہائی شمالی علاقے عکار پر بھی بم برسا دیئے ،جس کے نتیجے میں14افراد شہید ہوگئے ۔عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فورسز نے وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں بڑی کاررائی کی ہے ،اسرائیلی ٹینکوں نے اس وقت گولہ باری شروع کر دی جب وہ ایک پناہ گزین کیمپ کے علاقے میں داخل ہوگئے، یہ پناہ گزین کیمپ غزہ میں قائم کیے گئے آٹھ تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سے ایک ہے ، اسرائیلی ٹینکوں کی اس اچانک چڑھائی سے پناہ گزین کیمپ میں موجود خاندانوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ادھر غزہ کے کمال عدوان ہسپتال میں موجود طبی عملے کے ارکان کا کہنا ہے کہ کارروائی میں اسرائیلی فوج نے فضا سے بھی بمباری کی اور ٹینکوں سے بھی گولہ باری کی جاتی رہی۔ جس کے نتیجے میں 30کے قریب فلسطینی ان لگاتار حملوں میں شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔علاوہ ازیں بیت لاھیہ کے علاقے میں بھی اسرائیلی بمباری سے 4فلسطینیوں کو شہید کردیا ۔ادھر اسرائیلی فوج کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران اسکے مزید چار فوجی مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں میں سٹاف سارجنٹ 20سالہ مالے اڈومم، 21سالہ ناو یائر اسولین،21سالہ گیری لالہروائیکیما زولت اور20سالہ اوفیر ایلیاہو شامل ہیں، تمام فوجیوں کا تعلق کفیر بریگیڈ کی شمشون بٹالین سے تھا۔