اسپن وام میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج ہلاک ،افغانستان سے دراندازی کی کوشش دو خوارج ہلاک ، دو زخمی ہو گئے
بہادر سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گی‘صدرآصف زرداری ،وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا فورسز کو خراج تحسین
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی وزیرستان کے ضلع میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف جھڑپوں میں چار خوارج کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا جس کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج ہلاک ہو گئے۔ایک اور واقعے میں پاکستان،افغانستان سرحد سے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے اسپن وام کے علاقے میں مانیٹر کیا، جہاں دہشتگرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ علاقے میں کسی بھی باقی خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔صدرِ مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ 6 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ادھروزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔انہوں نے 6 خارجیوں کو ہلاک اور 6 کو گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والوں کے خاتمے کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔