جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان پر حملے: مزید 78شہری شہید(غزہ میں42مزیدفلسطینی صہیونی بربریت کاشکار)

لبنانی فوج کااسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام ، مخصوص علاقوں میں واپسی کی کوشش کرنے والے افراد پر فائرنگ کی،اسرائیلی فوج 
 بیروت؍ غزہ (آئی این پی )اسرائیلی فوج کے جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان پرحملے جاری ہیں جس میں مزید 78 لبنانی شہری شہید ہوگئے،لبنانی فوج نے اسرائیلی افواج پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنگ بندی کے دوسرے دن مخصوص علاقوں میں واپسی کی کوشش کرنے والے افراد پر فائرنگ کی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے مبینہ طور پر جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے جس میں 70 سے زائد لبنانی شہری شہید اور 266 زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں میں لبنان میں مجموعی طور پر شہداء کی تعداد 4 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کردیا۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی افواج نے بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تازہ حملوں میں 42افرادشہید ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج  نے نصیرات میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں 9فلسطینی شہید ہوئے جبکہ نصیرات میں ہی دوسرے حملے میں ایک فلسطینی شہید اور الجزیرہ کا کیمرامین زخمی ہوا۔