یمنی حو ثی جنگجوئوں کا تل ابیب کے بین گوریون ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملہ،اسرائیل کا ناکام بنانے کا دعویٰ
غزہ؍صنعا(آئی این پی )حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے کہا ہے کہ اس کے جنگجوئوں نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں جھڑپوں کے دوران متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں بریگیڈز نے کہا القسام کے مجاہدین مشرقی جبالیہ کیمپ کے قریب اسرائیلی افواج سے انتہائی قریب فاصلے پر شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں جن میں دشمن کے فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے اس واقعے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس پر حملہ کیا ہے۔دوسری جانب یمنی حوثی جنگجوئوں نے تل ابیب کے بن گوریون ایئرپورٹ کو ایک بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن سے اسرائیل کی جانب داغا گیا میزائل روک لیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ملک کے کچھ علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے تھے۔