کراچی: 13 سالہ لڑکا گھر کے باہر مردہ حالت میں ملا، پراسرار موت کی تحقیقات شروع

کراچی: 13 سالہ لڑکا گھر کے باہر مردہ حالت میں ملا، پراسرار موت کی تحقیقات شروع

کراچی: شہر کے علاقے بن قاسم ٹاؤن میں پپری سندھی گوٹھ فٹبال گراؤنڈ کے قریب 13 سالہ لڑکا گھر کے باہر مردہ حالت میں پایا گیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی علی الصبح پیش آیا، جہاں پپری سندھی گوٹھ میں ایک گھر کے باہر سے کم عمر لڑکے کی لاش ملی۔ متوفی کو پہلے گلشن حدید کے الخدمت اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے مزید کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔ایس ایچ او بن قاسم ٹاؤن فیصل رفیق نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 13 سالہ صابر ولد طالب کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق صابر بدھ کی شب اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ایک شادی کی تقریب میں شریک ہوا تھا، تاہم رات گئے جب اہلخانہ واپس گھر آئے تو وہ ان کے ساتھ نہیں تھا۔پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح صابر کی لاش گھر کے باہر سے برآمد ہوئی، جس کے بعد اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ لڑکے کی موت کسی زہریلے مادے کے استعمال یا کھانے سے ہوئی ہو، تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔

پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور شادی کی تقریب میں شریک افراد سمیت دیگر متعلقہ افراد سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کی حقیقت سامنے لائی جا سکے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق متوفی کے اہلخانہ پوسٹ مارٹم کرائے بغیر لاش اپنے ساتھ اسپتال سے لے گئے، جس کے باعث موت کی وجوہات کے تعین میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق ہر پہلو کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔