نیوزی لینڈ میں 6.3 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ جاری

نیوزی لینڈ میں 6.3 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ جاری

نیوزی لینڈ: ملک کے جنوبی جزیرے میں 6.3 شدت کے زلزلے کے بعد حکام نے سونامی الرٹ جاری کر دیا، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ جنوبی جزیرے کے قصبے تیناؤ (Te Anau) کے قریب آیا، جس کا مرکز قصبے کے شمال میں تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔ یہ علاقہ فیورڈ لینڈ کے مشہور سیاحتی مقام کا داخلی راستہ بھی سمجھا جاتا ہے۔نیوزی لینڈ کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (NEMA) نے زلزلے کے بعد ساحلی علاقوں کے لیے سونامی الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے آس پاس کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) اور جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (GFZ) نے ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی تھی اور اس کی گہرائی 50 کلومیٹر سے زائد بتائی، تاہم بعد ازاں مقامی حکام نے شدت 6.3 رپورٹ کی۔حکام نے ساحلی آبادی سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کے لیے تیار رہیں۔