جنوبی فلپائن کے ساحلی علاقے میں 7.6 شدت کا خوفناک زلزلہ آیا ہے جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
زلزلے کے بعد سکول بند کر دیے گئے جبکہ شہری گھبراہٹ کے عالم میں کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے۔فلپائنی میڈیا کے مطابق زلزلہ منڈاناؤ جزیرے کے دارالحکومت ڈیوس میں اس وقت آیا جب ملک پہلے ہی قدرتی آفات کی ایک لہر سے متاثر ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شہری رہائشی و تجارتی عمارتوں سے باہر نکل آئے جبکہ ہسپتالوں کا عملہ بھی مریضوں کو کھلی جگہوں پر لے آیا۔فلپائن کے زلزلہ پیما ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز منائے کے ساحل کے قریب، صوبہ ڈاواؤ اورینٹل میں 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ ادارے نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو اونچی جگہوں پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی کے مطابق سونامی لہریں عام جوار سے ایک میٹر یا اس سے زیادہ بلند ہو سکتی ہیں، خصوصاً بند خلیجوں اور تنگ آبی راستوں میں خطرہ زیادہ ہے۔
اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے ہنگامی بنیادوں پر انخلا کا حکم دے دیا ہے۔ اپنے فیس بک بیان میں انہوں نے کہا کہ "جیسے ہی حالات محفوظ ہوں گے، امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جائیں گی۔ شہری فوری طور پر ساحل سے دور اور اونچی جگہوں کی طرف جائیں۔"ادھر پاپوا نیو گنی میں بھی 6.1 شدت کا زلزلہ رپورٹ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق دونوں زلزلے ممکنہ طور پر بحرالکاہل کی فالٹ لائن کے ایک ہی سلسلے سے منسلک ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سیبو صوبے میں 7.0 شدت کے زلزلے نے 74 افراد کی جان لی تھی جبکہ طوفان بوالوئی اور سپر ٹائفون راگاسا نے ملک کے کئی حصوں کو تباہ کر دیا، جس سے لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے۔