شیخوپورہ پولیس کے سات افسران کوتعریفی لیٹرز، اسناد ، نقد انعامات

عوام کو بہترین سروس ڈیلیوری فراہم کرنیوالے پولیس افسران محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں: آئی جی عبدالکریم 
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شیخوپورہ پولیس کے سات افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی لیٹرز، اسناد اور نقد انعامات سے نواز دیا۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران آئی جی پنجاب نے کہا کہ امن و امان کے قیام، مؤثر کرائم کنٹرول، سکیورٹی اور عوام کو بہترین سروس ڈیلیوری فراہم کرنے والے پولیس افسران محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسی جذبے اور لگن کے ساتھ خدمات جاری رکھی جائیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن شیخوپورہ غلام عباس، ڈی ایس پی غلام مرتضیٰ ڈوگر، ڈی ایس پی طارق الیاس کیانی، انسپکٹر محمد نظام، انسپکٹر رضوان الٰہی، سب انسپکٹر غضنفر عزیز اور سب انسپکٹر منظور احمد کو نمایاں کارکردگی پر تعریفی اسناد، تعریفی لیٹرز اور نقد انعامات دیے گئے۔اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "محفوظ پنجاب وڑن" کو عملی جامہ پہنانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔تقریب میں آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی فاروق سلطان سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔