76 افسران و اہلکاروں کیلئے 26 لاکھ کے کیش انعامات،اسناد

 لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ملک دشمن و جرائم پیشہ افراد کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی لیے کیش انعامات اور تعریفی اسناد کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگا ہ کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے 76 افسران و اہلکاروں کیلئے 26 لاکھ روپے کے کیش انعامات اور تعریفی اسناد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ افسران و اہلکاروں کو 25 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں 8 انسپکٹرز، 12 سب انسپکٹرز، 5 اے ایس آئیز،17 ہیڈ کانسٹیبلز اور 34 کانسٹیبلز شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ افسران و اہلکاروں نے لاء اینڈ آرڈر کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے احسن طریقے سے فرائض انجام دئیے۔خدمت خلق کے جذبے سے سرشار فرض شناس اور باہمت افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں۔