شہزور گاڑی ایکسل میں تکنیکی خرابی کے باعث ہارڈ شولڈر پر کھڑی تھی،جائے وقوعہ پر کوننگ بھی کر رکھی تھی :پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)ایم-2 موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ٹرالر ہارڈ شولڈر پر کھڑی شہزور گاڑی سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق شہزور گاڑی ایکسل میں تکنیکی خرابی کے باعث ہارڈ شولڈر پر کھڑی تھی۔ موٹروے پولیس نے مقررہ ایس او پیز کے مطابق گاڑی کو فوری امداد فراہم کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر کوننگ بھی کر رکھی تھی تاکہ دیگر گاڑیوں کو بروقت خبردار کیا جا سکے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کیا۔ سیکٹر کمانڈر فیصل اکرم بھی جائے حادثہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ ٹرالر ڈرائیور کو دورانِ سفر اونگھ آنا بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ٹرالر بے قابو ہو کر ہارڈ شولڈر پر کھڑی شہزور گاڑی سے جا ٹکرایا۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ مزید قانونی کارروائی کے لیے مقامی پولیس کو طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔