لاہور میں باراتی کی بس ٹرالر سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق،20زخمی

حادثہ رائیونڈ روڈ جیا بگا کے قریب پیش آیا،3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، تفتیش کا آغاز 
2 زخمیوں کی حالت نازک ، عورتیں اور بچے بھی شامل ،حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں بس حادثے کا شکار ہونے سے5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ رائیونڈ روڈ جیا بگا کے قریب پیش آیا جہاں باراتیوں کی بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس سے 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ 20افراد شدید زخمی ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جن میں 7 افراد کو جنرل ہسپتال جبکہ 5 افراد کو انڈس ہسپتال منتقل کر دیا گیا،2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹرالے ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا، اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔