لاہور: باغوں کے شہر لاہور میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے، جبکہ سورج کی تیز دھوپ کے باعث شہریوں کو شدید گھٹن کا سامنا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، کراچی، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 اور کم سے کم 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہواؤں کی رفتار صرف 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہونے کے باعث گرمی اور حبس کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔اسلام آباد میں بھی گرمی اور حبس برقرار ہے، تاہم آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر میں 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد اور جنوب مغرب سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد کے علاوہ مری، گلیات، راولپنڈی، چکوال اور جہلم میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، قصور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور اوکاڑہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح سندھ کے کراچی، ٹھٹھہ، سانگھڑ، دادو، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص، جبکہ بلوچستان کے اضلاع آواران، خضدار، قلات، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور کوہلو میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم، مرطوب اور حبس والا رہنے کا امکان ہے