باغوں کے شہر لاہور میں حبس اور گھٹن کا سلسلہ برقرار ہے، جبکہ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث حبس اور گھٹن کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ ادارے نے آئندہ چند روز کے دوران موسم میں مزید تبدیلی کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج گرم اور مرطوب موسم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ دوپہر کے اوقات میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ دن بھر دھندلی دھوپ اور جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔ادارے کے مطابق ہلکی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں معمولی کمی محسوس ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے محفوظ رہا جا سکے۔