دمشق کے مضافات میں اسرائیلی فوج کا بڑے حملے، 10 شہری جاں بحق، جھڑپیں جاری

دمشق کے مضافات میں اسرائیلی فوج کا بڑے حملے، 10 شہری جاں بحق، جھڑپیں جاری

دمشق کے مضافات میں اسرائیلی فوج نے فضائیہ اور توپ خانے کا استعمال کرتے ہوئے ایک بڑا حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 شامی شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ حملہ بیت جن کے قصبے میں کیا گیا، جہاں اسرائیلی فورسز اور مقامی آبادی کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔حملہ اس وقت ہوا جب اسرائیلی فوجی دستہ تین افراد کی گرفتاری کے بعد اس علاقے میں تعینات ہوا۔ اس دوران اسرائیلی ہیلی کاپٹروں اور توپ خانہ نے مسلسل بمباری کی، جس کے نتیجے میں علاقے کے لوگ خوفزدہ ہو کر قریبی دیہات کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی مبینہ طور پر مطلوب افراد کے خلاف تھی، جو اسرائیلی شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

 فوج کے مطابق، فائرنگ کے تبادلے کے دوران چھ اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے دو افسران کی حالت تشویش ناک ہے۔رواں سال 2025 میں اسرائیل کی جانب سے شام میں متعدد حملے کیے گئے ہیں، جن کے بارے میں اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں سرحدی خطرات کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں، جبکہ شامی حکومت انہیں براہِ راست جارحیت قرار دیتی ہے۔