نئی دہلی: پانچ اسکولوں کو بم کی دھمکیاں، طلبہ و عملہ محفوظ طور پر منتقل

نئی دہلی: پانچ اسکولوں کو بم کی دھمکیاں، طلبہ و عملہ محفوظ طور پر منتقل

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک بار پھر خوف و ہراس کی فضا اُس وقت پیدا ہوئی جب 5 مختلف اسکولوں کو بم دھماکے کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔

واقعے کے فوری بعد حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت تمام اسکولوں کو خالی کرا لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تفتیشی ادارے موقع پر پہنچ گئے، اسکولوں کی مکمل تلاشی لی گئی تاہم تاحال کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی۔ پولیس نے اطلاع دینے والوں کا سراغ لگانے کے لیے سائبر کرائم یونٹ کی مدد بھی حاصل کر لی ہے۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ تین دنوں کے دوران بم دھمکیوں کے 10 سے زائد واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن کا ہدف زیادہ تر تعلیمی ادارے بن رہے ہیں۔ ان دھمکیوں کے باعث والدین اور اساتذہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں بھی دہلی کے متعدد اسکولوں کو اسی نوعیت کی ای میلز اور کالز موصول ہوئی تھیں، جو بعد ازاں جھوٹی ثابت ہوئیں۔ تاہم دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ہر ممکن پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے اور ان عناصر کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا جو معاشرے میں خوف پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔