خیبر پختونخوا: علی امین گنڈاپور نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد اپنا استعفیٰ گورنر فیصل کریم کنڈی کو ارسال کر دیا ہے۔
گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور وضاحت کی تھی کہ وزارتِ اعلیٰ کی پوزیشن بانی پی ٹی آئی عمران خان کی امانت تھی، جسے وہ واپس کر کے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وہ اپنے لیڈر اور پارٹی کے بانی کے احکامات پر آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت کر رہے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ جب وہ وزیرِاعلیٰ بنے تو صوبہ مالی بحران اور دہشت گردی کا شکار تھا، اور انہوں نے مشکل حالات میں خدمات انجام دیں۔
اسی دوران خیبر پختونخوا کی سیاست میں ہلچل مچ گئی اور اپوزیشن نے فوری طور پر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔ یہ اجلاس صوبائی اسمبلی میں ہوگا اور ممکنہ آئندہ سیاسی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔اس فیصلے کے بعد صوبے کی سیاسی صورتحال غیر یقینی ہو گئی ہے، اور مختلف سیاسی حلقے علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ کے اثرات اور آئندہ اقدامات پر تبصرے کر رہے ہیں۔