ریحام خان سیاسی جماعت کا اعلان

  بڈھے بابے‘‘ ہٹانے آئی ہوں نئی سیاسی جماعت عوام کی آواز بن کر حکمرانوں کا پیچھا کریگی :ریحام خان 
  کراچی(خصوصی رپورٹ)صحافی اور سماجی کارکن ریحام خان نے "پاکستان ریپبلک پارٹی" کے قیام کا اعلان کر دیا۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے، ان کی جماعت عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے کام کرے گی۔ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں اسٹار بننے نہیں بلکہ اپنوں کو وقت دینے آئی تھیں، مگر اس ملک سے محبت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ 2012 سے 2025 تک کے تجربات نے انہیں سکھایا کہ یہاں پینے کا صاف پانی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات ناپید ہیں۔ اس لیے انہوں نے خود نئی سیاسی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ میڈیا صرف حکومتوں کے آنے جانے پر بات کرتا ہے، جبکہ روزگار، صحت اور تعلیم جیسے اہم موضوعات کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ ریحام خان نے اپنی پارٹی کو نسل، زبان اور فرقہ بندی سے بالاتر جماعت قرار دیا اور کہا کہ وہ خواتین کے حقوق اور نوجوانوں کی قیادت کو فروغ دیں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ "بڈھے بابے" ہٹانے آئی ہیں اور کوئی 90 دن کا خواب نہیں دکھا رہیں بلکہ 30 سال کی منصوبہ بندی لے کر آئی ہیں۔ ریحام نے کہا کہ وہ "گیٹ نمبر 4" کی پیداوار نہیں ہیں، کبھی چھپ کر ملاقاتیں نہیں کیں اور ہمیشہ میرٹ پر بات کی ہے۔ریحام خان نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے 5 خاندانوں کا راج ختم کرنے کی تحریک لے کر آئی ہیں اور چاہتی ہیں کہ سیاست دان عوام کی بات کریں۔ انہوں نے کراچی کو دارالحکومت قرار دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اب آرٹسٹ کسانوں اور مزدوروں کی آواز اٹھائیں گے، جبکہ سیاستدان اصل عوامی مسائل پر بات کریں گے۔