محمد عباس نے زہریلی گولیاں نگلیں، ساجد نے بھی دلبرداشتہ ہو کر زہر کھا لیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (خصوصی رپورٹ) غربت اور بیروزگاری سے تنگ دو قریبی دوستوں نے اکٹھے خودکشی کر لی۔ رجانہ کے علاقے کچی آبادی کے رہائشی نوجوان محمد عباس نے دلبرداشتہ ہو کر دوست کے سامنے زہریلی گولیاں نگل لیں، جس پر ساجد عرف کالو برانڈ بھی جذباتی ہو کر خودکشی پر آمادہ ہو گیا اور اس نے بھی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ذرائع کے مطابق دونوں دوست زہر کھانے کے بعد بازار میں گھومتے رہے، تاہم طبیعت بگڑنے پر مقامی افراد نے انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا، جہاں محمد عباس دم توڑ گیا۔ساجد کی حالت نازک ہونے پر اسے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا، جہاں چند گھنٹوں بعد وہ بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔تھانہ رجانہ پولیس نے واقعے کی اطلاع پر ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔