دو ہفتوں میں 69 گرفتاریاں، 17 مقدمات، 2 لاکھ 67 ہزار روپے برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور پولیس جوئے کے اڈوں اور آن لائن قمار بازی کی سرپرستی کرنے والے عناصر کے خلاف سرگرمِ عمل ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 69 جواری گرفتار کیے گئے، 17 مقدمات درج کیے گئے اور 2 لاکھ 67 ہزار روپے سے زائد رقم برآمد کی گئی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں سال کے دوران جوئے کے خلاف مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 1981 ملزمان کو گرفتار کر کے 512 مقدمات درج کیے گئے، جب کہ گرفتار افراد سے 97 لاکھ 48 ہزار روپے سے زائد کی رقم برآمد ہوئی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جواء ایک سماجی لعنت ہے اور اس کے خاتمے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ قمار بازی میں ملوث افراد کی سخت نگرانی کریں، جبکہ آن لائن جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ایپس پر بھی کڑی نظر رکھی جائے