کراچی: اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس کے فلیٹ سے برآمد

کراچی: اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس کے فلیٹ سے برآمد

کراچی : پاکستان ٹیلی ویژن، تھیٹر اور ماڈلنگ کی دنیا سے وابستہ معروف فنکارہ حمیرا اصغر علی کی کئی روز پرانی لاش کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں واقع ان کے فلیٹ سے برآمد ہوئی ہے۔

اس افسوسناک واقعے کا انکشاف 8 جولائی (منگل) کو اس وقت ہوا جب عدالتی حکم پر بیلف نے فلیٹ کا دروازہ کھولا۔پولیس ذرائع کے مطابق جب بیلف نے فلیٹ کا دروازہ کھولا تو اندر سے شدید تعفن محسوس ہوا، جس پر فوری طور پر پولیس کو طلب کیا گیا۔ پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو کر دیکھا تو اداکارہ کی لاش ناقابلِ شناخت حالت میں برآمد ہوئی، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ موت کو کئی روز گزر چکے تھے۔

فنکارہ کی فنی زندگی
لاہور سے تعلق رکھنے والی حمیرا اصغر علی نے سن 2000 میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔ اگرچہ ٹیلی ویژن سے ان کے کریئر کی شروعات ہوئی، لیکن وہ تھیٹر کو اپنا اصل میدان کہتی تھیں۔ حمیرا نے 40 سے زائد اسٹیج ڈراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ساتھ ہی ساتھ ماڈلنگ اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی متحرک رہیں۔انہیں اصل شہرت ایک نجی ٹی وی چینل کے ریئلٹی شو ”تماشہ“ سے ملی، جہاں ان کی شخصیت اور انداز نے شائقین کو متاثر کیا۔ وہ گزشتہ سات برس سے کراچی میں تنہا مقیم تھیں۔

سوشل میڈیا پر خاموشی
حمیرا اصغر علی سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی تھیں۔ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ دیکھا جائے تو ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024 کی ہے، جس کے بعد وہ اچانک خاموش ہو گئیں۔ اس سے پہلے وہ مستقل طور پر ماڈلنگ، فٹنس ورک آؤٹ اور نجی لمحات کی جھلکیاں شیئر کرتی رہی ہیں۔ان کی ایک خاص پوسٹ 12 مئی 2024 کو کی گئی، جس میں وہ اپنی والدہ اور ایک کمسن بچی کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ اپنے والد کی پرانی تصاویر بھی اس پوسٹ میں شامل کی گئیں۔ تاہم اس بچی کے حوالے سے کسی قسم کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

تنہائی، کرایہ، اور عدالتی کارروائی
اداکارہ کے ایک پڑوسی نے انکشاف کیا کہ وہ بلڈنگ کے دیگر افراد سے زیادہ میل جول نہیں رکھتی تھیں، اور ان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی بھی نہیں تھی۔ مزید حیرت کی بات یہ ہے کہ نہ تو پڑوسیوں اور نہ ہی اہلِ خانہ کی طرف سے ان کی گمشدگی کی اطلاع دی گئی، جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی سوالات اٹھا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے کئی ماہ سے کرایہ ادا نہیں کیا تھا، جس پر مالکِ مکان نے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالتی حکم پر ہی بیلف کی موجودگی میں فلیٹ کھولا گیا، جہاں یہ افسوسناک منظر سامنے آیا۔

مزید تحقیقات جاری
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ اس بات کی بھی تحقیقات ہو رہی ہیں کہ آیا موت طبی نوعیت کی تھی یا کسی مجرمانہ عمل کا نتیجہ۔