181 ریٹائرڈ اساتذہ کئی سال سے واجبات کے منتظر، اتھارٹی نے فنڈز ملنے پر ادائیگی کی یقین دہانی کرائی
لاہور (آن لائن)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے سکولوں سے ریٹائرڈ ہونے والے اساتذہ پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق لاہور کے 181 ریٹائرڈ اساتذہ کئی سال گزرنے کے باوجود پنشن، گریچویٹی اور دیگر واجبات سے محروم ہیں۔متاثرہ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے غیر سنجیدہ رویے اور عدم تعاون کے باعث وہ اپنے قانونی حق سے محروم ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد مالی سہارا نہ ملنے سے ان کی زندگی مشکلات میں گھری ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بحران کی بنیادی وجہ فنڈز کی عدم دستیابی ہے، جس کے باعث ادائیگیاں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جیسے ہی متعلقہ فنڈز موصول ہوں گے، تمام واجبات ادا کر دیے جائیں گے۔ریٹائرڈ اساتذہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ تعلیم سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ ان کے واجبات ادا ہو سکیں اور وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔