کسی دوسرے ملازم کو پنشن کی بحالی کا فائدہ ملنے سے دیگر ملازمین خودبخود اسی مدت کے حقدار نہیں بن جاتے: جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس محمد کریم خان
اسلام آباد (یواین پی) وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا کٹوتی شدہ حصہ بحال کرنے کے لیے 15 سال کی یکساں مدت مقرر نہیں کی جا سکتی بلکہ اس کا تعین متعلقہ ملازم کی ریٹائرمنٹ کے وقت عمر اور پنجاب سول سروسز پنشن رولز 1963 میں دیئے گئے مقررہ فارمولے کے مطابق کیا جائے گا۔وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس محمد کریم خان آغا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (پی آر ٹی سی) کے سابق ملازمین کی پنشن سے متعلق چار اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے سنگل اور ڈویژن بینچ کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔عدالت نے قرار دیا کہ پنشن کا کٹوتی شدہ حصہ بحال کرنے کی مدت ہر پنشنر کے لیے یکساں نہیں ہو سکتی کیونکہ اس کا تعین ریٹائرمنٹ کے وقت اگلی سالگرہ کی عمر اور متعلقہ کمیوٹیشن ٹیبل میں درج عوامل کی بنیاد پر ہوتا ہے۔اس لیے کسی دوسرے ملازم کو 15 سال بعد پنشن کی بحالی کا فائدہ ملنے سے دیگر ملازمین خودبخود اسی مدت کے حقدار نہیں بن جاتے۔فیصلے کے مطابق پی آر ٹی سی کے ملازمین 1997ء میں گولڈن ہینڈ شیک سکیم کے تحت ریٹائر ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی مجموعی پنشن کا نصف حصہ یکمشت رقم کی صورت میں وصول کیا تھا جبکہ باقی نصف ماہانہ پنشن کی صورت میں ملتا رہا۔ملازمین کا موقف تھا کہ ان کی کٹوتی شدہ پنشن 15 سال بعد یعنی 2012ء میں بحال ہونی چاہیے تھی تاہم متعلقہ حکام نے اسے 2017ء میں بحال کیا جس کے باعث وہ پانچ سال کے واجب الادا پنشن فوائد سے محروم رہے۔ملازمین نے موقف اختیار کیا تھا کہ اسی اسکیم کے تحت ریٹائر ہونے والے ایک سابق ملازم میاں محمد اسحاق کو 15 سال بعد پنشن کی بحالی کا فائدہ دیا گیا اور متعلقہ عدالتی فیصلے کو سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا، لہٰذا دیگر ملازمین کو بھی مساوی بنیاد پر یہی فائدہ ملنا چاہیے۔عدالت نے قرار دیا کہ کسی مقدمے میں سپریم کورٹ کی جانب سے اپیل کی اجازت دینے سے انکار یا نظرثانی درخواست خارج ہونے سے ماتحت عدالت کا فیصلہ فریقین کے درمیان حتمی تو ہو جاتا ہے تاہم اس سے فیصلے میں بیان کردہ ہر قانونی نکتے کو تمام مقدمات کے لیے سپریم کورٹ کا پابند نظیر قرار نہیں دیا جا سکتا۔ میاں محمد اسحاق کے مقدمے میں 15 سال بعد پنشن کی بحالی کا فیصلہ صرف متعلقہ فریقین کے درمیان حتمی تھا، اسے تمام پی آر ٹی سی ملازمین کے لیے یکساں قانونی اصول نہیں بنایا جا سکتا۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت مساوات کا حق قانون کے یکساں اطلاق کا تقاضا کرتا ہے، نہ کہ قانون کی غلط تشریح یا غلط اطلاق کی بنیاد پر دوسرے افراد کو بھی وہی فائدہ دینے کا۔ ریٹائرمنٹ کے وقت مختلف عمروں کے باعث پنشن کی بحالی کی مدت میں فرق ہونا امتیازی سلوک نہیں بلکہ متعلقہ قانونی قواعد کا تقاضا ہے۔فیصلے میں واضح کیا گیا کہ پنجاب سول سروسز پنشن رولز 1963 کے رولز 8.11 اور 8.12 کے تحت پنشن کی یکمشت ادائیگی اور اس کی بحالی کی مدت کا تعین کیا جاتا ہے۔متعلقہ کمیوٹیشن ٹیبل میں ریٹائرمنٹ کے وقت اگلی سالگرہ کی عمر کے مطابق مختلف عوامل مقرر ہیں، جن کی بنیاد پر بحالی کی مدت طے ہوتی ہے۔ چھ ماہ سے کم اضافی مدت کو نظرانداز جبکہ چھ ماہ یا اس سے زائد مدت کو ایک مکمل سال شمار کیا جاتا ہے۔عدالت نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر کوئی ملازم 49 سال کی عمر میں ریٹائر ہو اور اس کی اگلی سالگرہ کی عمر 50 سال ہو تو کمیوٹیشن ٹیبل کے مطابق 22.8911 لاگو ہوگا، جس کے تحت پنشن کی بحالی کی مدت 23 سال بنتی ہے، نہ کہ 15 سال۔عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کالعدم ہونے کے باوجود ملازمین کا پنشن کی بحالی کا قانونی حق متاثر نہیں ہوگا اور ہر ملازم کی پنشن اس کی ریٹائرمنٹ کے وقت عمر، متعلقہ کمیوٹیشن عامل اور مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق بحال کی جائے گی۔ اگر کسی ملازم کی پنشن پہلے بحال ہونا قانونی طور پر واجب تھی تو اسے بقایاجات اور قابل اطلاق سالانہ اضافے بھی قانون کے مطابق مل سکیں گے۔وفاقی آئینی عدالت نے 23 ستمبر 2026ء کو مختصر حکم کے ذریعے چاروں درخواستوں کو اپیلوں میں تبدیل کرکے منظور کیا۔ عدالت نے اخراجات کے حوالے سے کوئی حکم جاری نہیں کیا۔