پی ٹی آئی بھارتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہے:اختیار ولی خان

بانی کے منہ سے نکلے جملے کی بازگشت دہلی اور تل ابیب تک سنائی دیتی ہے،میڈیا سے گفتگو
اسلام آبا د(آئی این پی )وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر اطلاعات برائے خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بھارتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہے،بانی پی ٹی آ ئی کے منہ سے نکلے جملے کی بازگشت دہلی اور تل ابیب تک سنائی دیتی ہے۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی معیشت مضبوط ہونے لگتی ہے سازشی عناصر سرگرم ہو جاتے ہیں، پی ٹی آئی کس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اس کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 5 اگست کو احتجاج کا انتخاب مخصوص ایجنڈے کو ظاہر کرتا ہے، اس دن کی تاریخ کا تعین کرنا کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی تکنیک ہے، ریاست، حکومت اور (ن) لیگ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، نریندر مودی، اس کے دوست اور پروکسیز کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ریاست کے خلاف کھڑے ہونے والوں کو طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ گیلپ سروے کے مطابق کے پی میں کرپشن بہت زیادہ ہے جبکہ 73فیصد نے الزام لگایا سرکاری نوکریاں فروخت ہوتی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے میرٹ اور شفافیت پر بھرتیاں کرنے کو ترجیح دی ہے۔