اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ 15 روز میں پراسس مکمل ہونے کے بعد امدادی چیک لا پتا شہری کے اہل خانہ کو وصول کرایا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں لاپتا شہری عبد اللہ عمر کی بازیابی کیلئے ان کی اہلیہ زینب زعیم کی درخواست سے متعلق چیئرمین لاپتاافراد بازیابی کمیشن کی عدم تعیناتی و متاثرہ فیملی کو پچاس لاکھ کا چیک نہ دینے پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے 15 روز میں پراسس مکمل کرنے اور متاثرہ خاندان کو امدادی چیک دینے کی ہدایت کی ، جسٹس محسن اخترکیانی نے لاپتا شہری کی اہلیہ زینن زعیم کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل خالد عباسی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ، وزادت دفاع اور وزارت داخلہ حکام بھی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے لاپتہ شہری کے والد کو ہدایت دی کہ نادرا سے ایف آر سی بنوائیں اور نکاح نامہ کی کاپی بھی کمیشن میں جمع کرائیں، اپنے بیان حلفی بھی لاپتا افراد بازیابی کمیشن میں جمع کرائیں۔